بنگلورو۔28؍ جولائی(ایس او نیوز) ریاست کے سرکاری ملازمین نے چھٹویں پے کمیشن کی سفارشات کے مطابق عبوری راحت منظور کرنے کیلئے حکومت کو جلد سفارش پیش کرنے کمیشن سے مطالبہ کیا ہے۔آج ریاستی سرکاری ملازمین کی انجمن کے صد ربی پی منجے گوڈا اور دیگر عہدیداروں نے ریاستی پے کمیشن کے چیرمین ایم آر سرنیواس مورتی ، اراکین محمد ثناء اﷲ ، اور دیگر سے ملاقات کرکے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سرکاری ملازمین کو 30 فیصد مہنگائی بھتہ بڑھانے کی سفارش کی جائے۔ منجے گوڈا نے اس موقع پر بتایاکہ اپریل2017 سے اگر 30 فیصد مہنگائی بھتے میں اضافہ کیا جائے تو فی الوقت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں جو عدم توازن ہے اسے کافی حد تک دور کیاجاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ فی الوقت ریاست کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں جو عدم توازن ہے وہ 51تا130 فیصد ہے۔ اس کو جلد از جلد کم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی اور دیگر امور کی وجہ سے بازاروں پر جو اثر پڑا ہے اس کے سبب فی الوقت سرکاری ملازمین کو دی جانے والی تنخواہ اور مہنگائی بھتہ ناکافی محسوس ہورہا ہے، اسی لئے فوری طور پر پے کمیشن ریاستی حکومت سے سفارش کرے کہ بلاتاخیر سرکاری ملازمین کے مہنگائی بھتہ میں 30 فیصد کا اضافہ کیا جائے۔